مرکزی بینک کے مطابق چاول کی برآمد میں جاری مالی سال کے دوران سالانہ بنیاد پر76.57 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اسٹیٹ بینک کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے مارچ 2024 تک کی مدت میں چاول کی برآمدات کا حجم 2.690 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 76.57 فیصد زیادہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں چاول کی برآمد سے 1.522 ارب ڈالرزرمبادلہ حاصل ہواتھا۔ مارچ میں چاول کی برآمد کاحجم 355.44 ملین ڈالرریکارڈ کیاگیا جوفروری میں 374.23 ملین ڈالراورگزشتہ سال مارچ میں 200.84 ملین ڈالرتھا۔
اعداد وشمار کے مطابق مالی سال 2023 میں چاول کی برآمد سے ملک کو2.10 ارب ڈالر زرمبادلہ حاصل ہواتھا۔ مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں باسمتی چاول کی برآمد کاحجم 631.33 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 435.53 ملین ڈالرکے مقابلے میں 45فیصدزیادہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں نان باسمتی چاول کی برآمدات کاحجم 2.058ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 1.087 ارب ڈالرکے مقابلے میں 89.37 فیصد زیادہ ہے۔