چیئرمین پاکسان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) محسن نقوی نے کہا ہے کہ آئرلینڈ سے پہلے میچ میں شکست کو کوئی بھی قبول نہیں کر رہا۔
آئرلینڈ کے خلاف پہلے ٹی 20 میں شکست کے بعد چیئرمین پی سی بی محسن نقوی ڈبلن پہنچے جہاں انہوں نے کھلاڑیوں کے ساتھ دو گھنٹے کی ملاقات کی اور طویل ملاقات کے دوران آئندہ کی حکمت عملی پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
ملاقات کے دوران چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھایا۔
محسن نقوی نے کھلاڑیوں کو محنت، جذبے اور پروفیشنل اپروچ کے ساتھ کھیلنے کی تلقین کی اور کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ یکسر مختلف اور جارحانہ اپروچ کی حامل ہے، ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے جدید و نئے انداز کے مطابق کھیل کر ہی جیت ممکن ہو گی، کمرے میں بیٹھ کر حکمت عملی ترتیب دی جا سکتی ہے لیکن اصل امتحان میدان میں ہوتا ہے جہاں پرفارمنس نظر آنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ بلاشبہ تمام کھلاڑی باصلاحیت ، پروفیشنل اور بہترین ہیں اورقومی ٹیم کا باولنگ اٹیک شاندار ہے تاہم فیلڈنگ پر بہت توجہ کی ضرورت ہے تاکہ مخالف ٹیم کو کوئی چانس نہ مل سکے ۔
ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑی پاکستان کیلئے امید ہیں اور آپ نے قوم کی توقعات پر پورا اترنا ہے، فتح کے لیے ٹیم ورک بنیادی چیز ہے، 11 کھلاڑی ایک ہو کر پاکستان کے لئے جان لڑا دیں گے تو کامیابی قدم چومے گی۔
چئیرمین پی سی بی نے کہا کہ پاکستانی قوم کرکٹ سے محبت کرتی ہے اور قوم کو اپنے کھلاڑیوں سے امیدیں ہیں۔
انہوں نے کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ آخری بال تک فائٹ کریں اور مقابلہ ہوتا دکھائی دینا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئرلینڈ سے پہلے میچ میں شکست کو کوئی بھی قبول نہیں کر رہا، آئرلینڈ اور انگلینڈ کے بعد اصل امتحان ورلڈکپ ہے۔