وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق کی مذاکرات کی دعوت پرعوامی ایکشن کمیٹی کاموقف سامنے آگیا۔
رہنما جوائنٹ ایکشن کمیٹی شوکت نواز میر نے کہا کہ حکومت کی جانب سے موبائل سروسز بند کرنا منفی ہتھکنڈا ہے۔ ہمارا احتجاج پرامن ہے جو غیرمعینہ مدت تک احتجاج جاری رہے گا۔
شوکت نواز میر نے کہا کہ احتجاج کا مقصد سستا آٹا ، سستی بجلی اور اشرافیہ کی مراعات کا خاتمہ ہے۔ ہماری جدوجہد عوام کے حقوق کیلئے ہے، کامیابی بہت قریب ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے عوامی ایکشن کمیٹی کو کھلے دل سے مذاکرات کی دعوت دے دی ۔ پریس کانفرنس میں کہا حکومت آٹے اور بجلی کی قیمتوں پر مزید ریلیف دینے کے لیے تیار ہے۔ کوئی غیر جمہوری فیصلہ نہیں کریں گے۔
وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ ہنگامہ آرائی کے دوران سب انسپکٹر شہید اور 50 اہلکار زخمی ہوئے ۔ اس کے باوجود صبر کا مظاہرہ کیا ۔۔ طاقت کا استعمال نہیں کیا، سوشل میڈیا پرافواہیں پھیلائی جا رہی ہیں۔