آزاد کشمیر میں آج بھی معمولات زندگی بحال نہ ہوسکے، بجلی کے بلوں میں اضافے کے خلاف جاری شدید احتجاج کے دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئی۔ فائرنگ سے سب انسپکٹر شہید جبکہ متعدد 16 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
آزاد کشمیر میں پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن ہڑتال کے باعث آج بھی بازار، دکانیں اور انٹرنیٹ بند ہے، مظفرآباد مارچ کے شرکا نے رات مختلف مقامات پر گزاری۔ مظاہرین نے اعلان کیا ہے کہ وہ آج بھی اپنا مارچ جاری رکھیں گے۔ مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ بجلی سستی کی جائے آٹے پر سبسڈی دی جائے اور اشرافیہ کی مراعات ختم کی جائیں۔
گزشتہ روز بھی مختلف مقامات پر کہیں پتھراؤ تو کہیں شیلنگ جاری رہی، مظفرآباد کا بینک روڈ میدان جنگ بنا رہا۔ اسلام گڑھ میں کئی پولیس اہلکار اور مظاہرین زخمی ہوئے، مظاہرین کے تشدد سے گزشتہ روز زخمی ہونے والا ایڈیشنل ایس ایچ او دم توڑ گیا۔
پورے آزادکشمیر میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی اپیل پر دوسرے روز بھی شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام رہا، تاجروں نے میرپور سے مظفرآباد کی جانب مارچ کیا، کوٹلی میں مارچ روکنے کیلئے رکاوٹیں لگائیں تو شرکا نے درخت کاٹ کر راستہ بنایا۔
عوامی ایکشن کمیٹی کو کھلے دل سے مذاکرات کی دعوت
وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے عوامی ایکشن کمیٹی کو کھلے دل سے مذاکرات کی دعوت دے دی ۔ پریس کانفرنس میں کہا حکومت آٹے اور بجلی کی قیمتوں پر مزید ریلیف دینے کے لیے تیار ہے ۔ کوئی غیر جمہوری فیصلہ نہیں کریں گے۔
وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ ہنگامہ آرائی کے دوران سب انسپکٹر شہید اور 50 اہلکار زخمی ہوئے ۔ اس کے باوجود صبر کا مظاہرہ کیا ۔۔ طاقت کا استعمال نہیں کیا، سوشل میڈیا پرافواہیں پھیلائی جا رہی ہیں۔
صدر مملکت نے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا
صدر مملکت آصف علی آصف زرداری نے آزاد کشمیر کی موجود صورتحال پر آج ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔
آزاد کشمیر میں پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن ہڑتال کے باعث آج بھی بازار، دکانیں اور انٹرنیٹ بند ہے ۔ مظفرآباد مارچ کے شرکا نے رات مختلف مقامات پر گزاری، صدرمملکت آصف زرداری نے ہنگامی اجلاس اتوار کو ایوان صدر میں بلایا ہے۔
اجلاس میں آزاد کشمیرکی موجودہ صورتحال پرغور کیا جائے گا۔ صدر مملکت نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو تجاویز لانے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف کو صدر نون لیگ آزاد کشمیر شاہ غلام قادر نے ٹیلی فون کیا اور آزاد جموں و کشمیر احتجاج سے پیدا شدہ صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے آزاد کشمیر کی صورتحال کو باعث تشویش قرار دیا ہے۔