پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کی جانب سے 9 مئی کو ملک بھر میں پرامن احتجاج کا اعلان کر دیا گیا۔
منگل کو اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ عدلیہ الیکشن سے متعلق ہماری پٹیشنز پر جلد سے جلد فیصلہ کرے۔
بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم سے الیکشن میں دھاندلی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بات ہوئی، امریکی مداخلت کا معاملہ حکومتی سطح پر اٹھایا جاچکا ہے، ہمارا مقصد یہ نہیں کہ امریکا جیسے ملک کے ساتھ تعلقات ختم کیے جائیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ امریکی سفیر سے ملاقات کا سائفر والے معاملے سے کوئی تعلق نہیں۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو پی ٹی آئی ملک بھر میں پرامن احتجاج کرے گی، ہمارے ارکان پارلیمنٹ اور ٹکٹ ہولڈر احتجاج کی قیادت کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم پہلے دن سے کہہ رہے ہیں کہ 9 مئی کی سی سی ٹی وی فوٹیج کہاں ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی 9 مئی پر کمیشن کے قیام کے لیے قرارداد منظور کرے گی۔