اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب خان سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی ہے جس میں ملکی معاشی صورتحال اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کی طرف سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق ملاقات میں بیرسٹر گوہر علی خان، اسد قیصر اور رؤف حسن بھی موجود تھے جبکہ ملاقات میں پاکستان میں جمہوریت اور قانون کی حکمرانی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات میں ملک کی معاشی صورتحال اور دیگر امور پر بھی بات چیت کی گئی۔
عمر ایوب کا کہنا تھا کہ پاکستان نہایت سنگین نوعیت کے سیاسی، آئینی اور معاشی بحرانوں کی زد میں ہے، آئین سے سنگین انحراف معیشت کی تباہی کا پیش خیمہ بن رہی ہے، بنیادی حقوق، سیاسی آزادیاں اور ووٹ کا حق سیاسی استحکام کے ضامن ہیں۔
امریکی سفیر کی جانب سے پاکستان کی کثیرالجہتی ترقی میں بطورشراکت دار کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
ملاقات کے دوران امریکی محکمہ خارجہ کی انسانی حقوق سے متعلق حالیہ رپورٹ کے مندرجات پر بھی گفتگو ہوئی۔