سانحہ 9 مئی اندوہناک سانحے کو ایک سال مکمل ہونے کو ہے مگر دل آج بھی دکھی ہیں۔ فنکاروں کے بعد ملک کے معروف کھلاڑیوں نے بھی سانحہ 9 مئی میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کردیا۔
سانحہ 9 مئی پر جہاں پوری قوم غمزدہ ہے وہیں معروف کھلاڑیوں نے بھی اپنے جذبات کا اظہار کیا، سابق کپتان ہاکی ٹیم صلاح الدین کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال نو مئی کو جس طرح شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی وہ انتہائی قابل مذمت ہے، توڑ پھوڑ میں ملوث عناصر کے خلاف فوری کاروائی کی جائے۔
سابق کپتان ہاکی ٹیم صلاح الدین کا کہنا تھا کہ شہداء نے اپنی جانیں سرزمین پاکستان کے دفاع میں قربان کیں جو ہم پر انکا احسان ہیں، جو قومیں اپنے محسنوں کی قدر نہیں کرتی وہ تاریخ کی صفحات سے مٹ جاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہداء کے بچے ہمارے لیے یتیم ہوئے، ہمارا فرض ہے کہ ہم شہداء کی قربانیوں کو یاد رکھیں۔
کرکٹر صہیب مقصود نے کہا کہ شہدائے پاکستان کی تکریم ہم سب پر لازم ہے، پاکستان کی حفاظت ہمیشہ سے پاک فوج کی اوّلین ترجیح رہی ہیں، پاکستان کو درپیش اندرونی اور بیرونی خطرات سے نمٹنے کے لیے پاک فوج ہمیشہ تیار رہتی ہے، ان شہداء کی قربانیوں کی وجہ سے اس ملک میں امن و امان قائم ہے۔ ہمیں اپنے شہداء کی قدر ہے جو اس پاک سرزمین پر قربان ہوئے اور انکی بدولت اس سرزمین پر امن قائم ہے۔
ایتھلیٹ شجر عباس نے کہا کہ ہم اپنے شہداء کی تکریم پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے، ہماری آزادی شہداء کی مرہون منت ہے اور ان کی تکریم ہم پر لازم ہے۔