قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کی نجکاری کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آگئی۔ متعدد ملکی و غیر ملکی کمپنیوں نے نجکاری کے عمل میں دلچسپی ظاہر کردی۔ مسابقتی کمیشن آف پاکستان نے پی آئی اے ہولڈنگ اور پی آئی اے کارپوریشن کے درمیان اسکیم آف ارینجمنٹ کی منظوری بھی دے دی۔
مسابقتی کمیشن آف پاکستان کے مطابق پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ یعنی ہولڈکو کمپنی پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کارپوریشن لمیٹڈ کے 100 فیصد شیئرز حاصل کرے گی۔
پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی حال ہی میں قائم کی گئی ہے اوریہ حکومت پاکستان کی مکمل ملکیتی پبلک لمیٹڈ کمپنی ہے۔ ہولڈکو ،پی آئی اے کے سو فیصد شیئرز، بنیادی اثاثے، ادائیگیاں اور نان کور واجبات حاصل کرے گی۔ اس منظوری کے لئے جس متعلقہ مارکیٹ کی نشاندہی کی گئی ہے وہ پاکستان کی رئیل اسٹیٹ مارکیٹ ہے۔ تاہم پی آئی اے کی بنیادی ایوی ایشن سرگرمیاں اور متعلقہ خدمات ہولڈکو کو منتقل نہیں کی جائیں گی۔
مسابقتی کمیشن نے اس انضمام کی اجازت فیزون میں تجزیہ کے بعد دی ہے۔ یہ منظوری خصوصی سرمایہ کاری کونسل کے ذریعے سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لئے بہت اہم ہے۔
پی آئی اے کی نجکاری میں دس سے زیادہ معروف کمپنیاں دلچسپی ظاہر کر چکی ہیں۔ سرمایہ کاروں کی دلچسپی کو دیکھتے ہوئے اظہار دلچسپی کی درخواستوں میں حال ہی میں 15 دن کی توسیع کی منظوری دی گئی ہے۔ وزارت نجکاری کے مطابق پی آئی اے کی نجکاری کا عمل سو فیصد شفاف ہوگا۔ حکومت پاکستان کو اس حوالے سے اہم کامیابی حاصل ہونے کی امید ہے۔