لاہور میں ایک اور پولیس کانسٹیبل ٹارگٹ کلرز کا نشانہ بن گیا، کانسٹیبل غلام رسول اتحاد پارک شاہدرہ میں ڈیوٹی سرانجام دے واپس گھر جارہے تھے کہ ملزمان نے گولیاں چلا دی۔ پولیس نے واقعے کی تحقیق دہشت گردی کے تناظر میں تفتیش شروع کردی۔
حکام کے مطابق فائرنگ کا واقعہ اندرون ٹیگسالی گیٹ میں پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے کانسٹیبل غلام رسول کو زخمی کر دیا۔ اہلکار کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔
یاد رہے کہ 28 اپریل کو لاہور کے علاقے مصری شاہ میں بھی سب انسپکٹر کو مسلح ملزمان نے ٹارگٹ کر کے قتل کردیا تھا۔ حالیہ دنوں میں صرف لاہور میں ایک سب انسپکٹر سمیت 3 اہلکار شہید جبکہ 2 شدید زخمی ہوئے۔
دوسری جانب نامعلوم شوٹر کی گرفتار کیلئے 35 ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں اور پولیس نے دہشت گردی کے تناظر میں تفتیش شروع کردی ہے۔ پولیس کے مطابق پولیس کو ٹارگٹ کرنے والے شوٹر کا طریقہ واردات ایک ہی ہے، شوٹر مکمل ریکی کرکے باوردی اہلکار پر دو سے تین گولیاں فائر کرتا ہے۔
پولیس کے مطابق شوٹر ٹارگٹ کے عقبی حصے، پیٹ اور سینے پر گولی چلانے کی کوشش کرتا ہے، حالیہ ٹارگٹڈ کارروائیاں ایک ہی شوٹر نے کیں، امکان ہے کہ حملہ آور موٹر سائیکل کی نمبر پلیٹ تبدیل کرتا ہے۔ ملزم کو ٹریس کرنے کے لیے ہاٹ سپاٹس کی نشاندہی کرکے فیلڈ آپریشن جاری ہے۔