صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے یوم مزدور کی مناسبت سے محنت کش طبقے کیلیے اپنے پیغامات جاری کردیے۔
صدر مملکت اور وزیر اعظم نے اپنے اپنے پیغامات میں پاکستانی مزدوروں محنت کشوں کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا اور ملک کے لیے اُن کی خدمات کا اعتراف بھی کیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان میں محنت کش اور مزدور طبقے کے لیے ایک ایسا سازگار ماحول پیدا کریں جہاں ان کی قدر اور عزت کی جائے، آجر منصفانہ اجرت، مزدوروں کی سلامتی اور صحت کے لیے اقدامات کریں۔
انہوں نے کہا کہ مزدوروں کا عالمی دن پاکستان کی سماجی اور اقتصادی ترقی کیلئے انتھک کوششیں کرنے والے محنت کشوں اور مزدوروں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے منایا جا رہا ہے، ہم مزدور کے وقار کو برقرار رکھنے کے اپنے عزم کا اعادہ اور ان کی تاریخی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ یکم مئی کا دن مزدوروں کے حقوق، ان کے سماجی تحفظ، منصفانہ اجرت اور کام کیلئے محفوظ ماحول کیلئے کوششیں کرنے کی یاد دلاتا ہے، اس سال مزدوروں کے عالمی دن کا موضوع موسمیاتی تبدیلیوں کے دوران کام کی جگہ پر سلامتی اور صحت کو یقینی بنانا ہے۔
آصف زرداری نے کہا کہ مزدوروں کے استحصال کے خاتمے،سماجی تحفظ کے پروگرام شروع کرنے، حقوق کے تحفظ کیلئے پالیسیوں کے نفاذ اور عمل درآمد میں ریاست کا اہم کردار ہے، آج ہم دل کی گہرائیوں سے ملک کی ترقی میں قابل ستائش کردار ادا کرنے والے اپنے مزدوروں کی خدمات کا اعتراف کرتے ہیں۔
وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری شہباز شریف نے اپنے پیغام میں رزق حلال کمانے کی خاطر مشقت اور محنت کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہی لوگ ملک کی معیشت اور تعمیر و ترقی میں اپنا کلیدی کردار ادا کررہے ہیں، جو نہ صرف اپنے خاندان کا پیٹ پال رہے ہیں بلکہ ملک کی ترقی کیلیے بھی خون پسینہ بہا رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اس وقت معاشی طور پر نازک دور سے گزر رہا ہے اور مجھے اس بات کا بھی بخوبی ادراک ہے کہ موجودہ مہنگائی نے ہمارے مزدور طبقے کو سب سے ذیادہ متاثر کیا ہے تاہم حکومت خصوصی سبسڈیز، سماجی تحفظ اور تخفیفِ غربت کے پروگراموں کے ذریعے اپنے معاشی طور پر کمزور ہم وطنوں کی مشکلات کے ازالے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہم بہتر اور کم لاگت رہائش، مفت تعلیم و صحت اور سماجی تحفظ کے اقدامات کے ذریعے اپنے مزدوروں کی فلاح و بہبود کو مزید فروغ دے کر ان کے حالاتِ زندگی کو بہتر بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ مزدور دوست پالیسیوں اور اقدامات کے ذریعے ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ مزدوروں کو زرق حلال کے حصول کیلئے موزوں ماحول میسر ہو۔ اس طرح ہمارے مزدور پاکستان کی طاقت بنیں گے۔