اسلامی ترقیاتی بینک گروپ کی جانب سے بارہواں پرائیوٹ سیکٹر فورم ریاض میں ختم ہوگیا ۔ فورم میں تیراسی ملکوں سے بزنس کمیونٹی اور سرکاری حکام سمیت دوہزار سے زائد افراد نے شرکت کی، جس دوران چھ ہزار چار سو چھیاسی ارب ڈالر مالیت کے 53معاہدے طے پائے۔
تفصیلات کے مطابق فورم کا مقصد بزنس کمیونٹی کو رکن ممالک میں سرمایہ کاری اور تجارت کے مواقع سے روشناس کرانا تھا، پرائیوٹ سیکٹر فورم میں سرکاری حکام، مقامی اور بین الاقوامی کمپنیوں کے سی ای اوز، چئیرمین اور صدور سمیت دو ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی۔ بزنس کمیونٹی اورسرکاری حکام کے درمیان ملاقاتیں ہوئیں اور سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کرنے کا موقع ملا۔
اپنے خطاب میں چئیرمین اسلامی ترقیاتی بینک گروپ ڈاکٹر محمد الجاسر نے کہا کہ فورم کے کامیاب انعقاد سے پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کی راہ ہموار ہوئی جو ممبر ممالک کی معاشی اور سماجی ترقی کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ چار روزہ فورم میں تراسی ممالک کے وفود شریک ہوئے، اور چھ ہزار 486 ارب ڈالر مالیت کے 53 معاہدے طے پائے، جن میں رکن ممالک کی اقتصادی ترقی۔ اور ابھرتی ہوئی کمپنیوں کوعرب سمٹ کی اسپانسرشپ دینے کے معاہدے شامل ہیں۔