وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب بھر میں شادی کی تقریب میں ون ڈش پر پابندی پر سختی سے عملدرآمد کا حکم دے دیا جبکہ کابینہ اجلاس میں یااور گاڑی کے لئے پلاٹنم کیٹگری نمبر پلیٹ کی فیس 10لاکھ مقرر کرنے پر اتفاق کیا گیاہے ۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا چھٹا اجلاس ہوا جس دوران کابینہ نے کینسر کے مریضوں کے لئے مفت ادویات کی فراہمی بحال کرنے ، نوازشریف کسان کارڈ کے اجراء کی اصولی منظوری دیدی ہے جبکہ پنجاب میں مفت کینسر ادویات پراجیکٹ میں مزید مریض شامل کرنے پر اتفاق کیا گیاہے ۔
اجلاس کے دوران مریم نوازشریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کاشتکار کے لئے پنجاب کے سارے وسائل حاضر ہیں، آڑھتی اور دیگرمڈل مین کو کسان کے استحصال کی اجازت نہیں دے سکتے، میری نیت ہے اللہ کی مخلوق کیلئے روٹی سستی ہو ، فری ا دویات کی گھروں میں فراہمی کا پروگرام مئی میں شروع کر دیا جائے گا۔
کابینہ کے اجلاس میں پنجاب میں فراہمی اور نکاسی آب کے منصوبے لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی اجازت سے مشروط کرنے ، سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ اتھارٹی کو نواز شریف آئی ٹی سٹی کے قیام کے لئے 10ارب سیڈ منی دینے پر اتفاق کر لیا گیاہے ۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے چیف سیکرٹری کو مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے قابل پروفیشنل لوگوں کا ایک پول بنانے کی ہدایت کر دی ہے جبکہ کابینہ اجلاس میں پنجاب میں دفعہ 144کے نفاذ کے اختیارات ڈپٹی کمشنر کو تفویض کرنے کی منظوری بھی دیدی گئی ہے ۔
کابینہ کے چھٹے اجلاس میں عوامی نمائندوں کے انتخاب تک بلدیاتی اداروں میں اے ڈی سی آر کی جگہ اے ڈی سی کوچارج دینے کی منظوری دی گئی ہے ۔
کابینہ میں گاڑیوں کی نمبر پلیٹ کا معاملہ بھی زیر غور آیااور گاڑی کے لئے پلاٹنم کیٹگری نمبر پلیٹ کی فیس 10لاکھ مقرر کرنے پر اتفاق کر لیا گیاہے اور پرسنلائزڈ / وینٹی نمبر پلیٹس کے ڈیزائن کی منظوری کے لئے افسرکی تعیناتی کی منظوری بھی دیدی گئی ۔پنجاب کی تمام وزارتوں نے پرفارمنس آڈٹ کرنے پر بھی اتفاق کر لیاہے ۔