چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹرگوہر علی خان کا کہنا ہے کہ چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کیلئے شیرافضل مروت کا نام فائنل ہوچکا ہے۔
اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے بعد سلمان اکرم اور شیرافضل مروت کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹرگوہر علی خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کیخلاف جھوٹے کیسز بنائے گئے، ہماری کسی سے بھی کوئی بات چیت نہیں ہورہی، احتجاج کرنے پر ہم پر مقدمے اور لاٹھی چارج کیا جاتا ہے۔
قبل ازیں الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی انٹرپارٹی الیکشن کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہمارے 3 مارچ کے پارٹی انتخابات پر آج تک کوئی اعتراض نہیں اٹھایا گیا، ہمارے پارٹی انتخابات شفاف تھے، اب الیکشن کمیشن کے جو اعتراضات آئے ہیں ان کا جواب دیں گے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہمیں 7 دن میں سرٹیفکیٹ ملنا تھا جو آج بھی نہیں ملا، ہمارا بلے کا نشان بحال کرنے کے ساتھ سرٹیفکیٹ بھی دیا جائے، سیاسی درجہ حرارت کم کرکے ملکی ترقی کی طرف بڑھنا ضروری ہے، درجہ حرارت جنہوں نے بڑھایا وہ اپنے دفتر بھی پولیس یونیفارم میں بیٹھتی ہیں۔
واضح رہے کہ آج الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کیس کی سماعت ہوئی، چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی بنچ نے سماعت کی، پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر الیکشن کمیشن کے روبرو پیش ہوئے۔
ڈی جی الیکشن کمیشن نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے انتخابات پر اعتراضات اٹھائے تھے، بیرسٹرگوہر نے جواب دیا کہ ہم نے 9 مارچ کو انٹرا پارٹی انتخابات کے نتائج جمع کرائے، اعتراضات نہیں بتائے گئے،اب بتادیں تو جواب جمع کرا دیں گے، الیکشن کمیشن کی اعتراضات کی تفصیلات پی ٹی آئی کو دینے کی ہدایت کردی گئی، پی ٹی آئی اعتراضات پر تحریری جواب جمع کرائے گی۔