سیشن کورٹ نے عدت کیس میں خاورمانیکا کی کیس ٹرانسفر کرنے کی درخواست مسترد کردی۔
تفصیلات کے مطابق دوران عدت نکاح کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف اپیل میں سیشن کورٹ نے خاور مانیکا کی کیس ٹرانسفر کی درخواست مسترد ہونے کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔
جج شاہ رخ ارجمند نے فیصلے میں لکھا کہ سماعت شروع ہوجائے توکیس ٹرانسفر نہیں ہوسکتا، صرف اسلام آباد ہائیکورٹ ہی کیس ٹرانسفرکرسکتی ہے، مجھ پرکسی پارٹی کی جانب سے دباؤ نہیں،21 سالہ سالہ جوڈیشل کیریئرمیں پہلی باراعتراض کیا گیا۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اپیلیں زیرسماعت ہونے کی وجہ سے سزا معطلی کی درخواستوں پر آج تک فیصلہ نہیں ہوا، موجودہ سطح پر کیس کو منتقل کرنے کی درخواست منظور نہیں کی جاسکتی، صرف اسلام آباد ہائیکورٹ ہی کیس کو کسی اور عدالت کو بھیج سکتی ہے۔
تفصیلی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ خاورمانیکا کے مطابق عدالت کا جھکاؤ اور ہمدردیاں پی ٹی آئی کی طرف ہیں، خاورمانیکا کے مطابق فرح گوگی نے عدالت کو مرضی کا فیصلہ لینے کےلیے مینج کیا، خاورمانیکا نے الزام ثابت کرنے کے لیے کوئی ثبوت یا دستاویز پیش نہیں کی۔
جج شاہ رخ ارجمند نے کہا کہ کئی ہائی پروفائل کیسز کی سماعت کی لیکن کبھی ایسی شکایت میرے خلاف نہیں آئی، مجھ پر کسی بھی پارٹی کی جانب سے کوئی بھی دباؤ نہیں ہے، تمام حقائق دیکھتے ہوئے خاورمانیکا کی درخواست مسترد کی جاتی ہے۔
عدالت نے شکایت کنندہ خاور مانیکا کے وکلاء کو 8 مئی کو حتمی دلائل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے لکھا کہ مزید وقت نہیں دیاجائےگا، دلائل نہ دیئے تو اپیلوں کو فیصلے کے لیے مقرر کردیا جائے گا۔