لاہور پولیس نے چند روز میں پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی دونوں وارداتوں میں کسی ایک گروپ کے ملوث ہونے کا شبہ ظاہرکردیا۔
پولیس کے مطابق سب انسپکٹرارشد اور کانسٹیبل محمد علی پر ریکی کرکے فائرنگ کی گئی، دونوں واقعات میں ایک حملہ آور نے موٹرسائیکل اورشارٹ گن کااستعمال کیا، دونوں وارداتوں میں ہیلمٹ پہنے موٹرسائیکل سوار نے پولیس کو پیچھے سے ٹارگٹ کیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ اور قتل کے حالیہ واقعات میں باغبانپورہ پولیس کے اہلکاروں کو ٹارگٹ کیا گیا، شوٹر کی گرفتاری کےلیے مزید فوٹیجز حاصل کی جارہی ہیں، پولیس حکام نے وردی پہنے اہلکاروں کو نقل وحرکت کے دوران چوکنا رہنے کی ہدایت کردی۔
دوسری جانب لاہور میں سب انسپکٹر کے قتل کا مقدمہ نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق سب انسپکٹر ارشد اپنی ڈیوٹی ختم کرکے گھر واپس جارہا تھا، راستے میں نامعلوم ملزمان نے اس پر اندھا دھند فائرنگ کردی تاہم محمد ارشد کو زخمی حالت میں یکی گیٹ اسپتال منتقل کیا گیا مگر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔