خیبرپختونخوا کی 6 تحصیل کونسلز میں چیئرمینز کی خالی نشستوں پر ضمنی انتخاب کےلیے پولنگ جاری۔ الیکشن کمیشن نے شکایات کے اندراج کیلئے مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول سنٹرقائم کر دیا۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی سطح پر کنٹرول رومز بھی قائم کیے گئے ہیں، شکایات کے بروقت اَزالہ کے لیے فوری طور پر کارروائی کی جائے گی۔ کنٹرول روم نتائج کے موصول ہونے تک 24 گھنٹے کام کرے گا۔
ترجمان الیکشن کمیشن پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی، ان تمام تحصیل کونسل کے ضمنی انتخابات میں 33 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا، مجموعی طور پر 7 لاکھ 83 ہزار 772 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
ترجمان کے مطابق کل 568 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں، جن کے اندر 1720 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں، مجموعی طور پر 233پولنگ سٹیشن زیادہ حساس قرار دیے گئے۔
چترال کی تحصیل دروش، چارسدہ کی تحصیل تنگی ، مردان کی تحصیل کاٹلنگ میں انتخاب ہوگا، ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل درابن، کوہستان کی تحصیل داسو اور لوئر دیر کی تحصیل بلامبٹ میں بھی انتخاب ہوگا۔