اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانت میں 6 مئی تک توسیع کر دی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز سمیت دیگر رہنما جج طاہر عباس سپرا کی عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے کیس کی سماعت 6 مئی تک ملتوی کی تو علی امین گنڈاپور نے کہا کہ 6 مئی کو پشاور میں ایک میٹنگ ہے وہاں جانا ضروری ہے۔ اگرسماعت اس دن رکھنی ہے تو حاضری سے استثنیٰ دیاجائے۔جج نے ریمارکس دیئے اس دن دیکھ لیجئے گا اگر ممکن ہوا تو آجائیں ورنہ حاضری سے استثنیٰ دے دیں گے۔
عمر ایوب نے کہا کہ ان کے وکیل بابر اعوان بیمار ہیں۔ ان کی طرف سے وہی دلائل دیں گے۔ جس پر جج نے کہا کہابر اعوان سے زیادہ مجھے آپ کی طبیعت خراب لگ رہی ہے۔ عمر ایوب نے جواب دیا کہ گلہ کٹ جائے آواز پھر بھی بانی پی ٹی آئی کی آئے گی۔ ایڈیشنل سیشن جج عبدالغفور کاکڑنے علی امین گنڈاپور کے خلاف آڈیو لیکس کیس میں فرد جرم کی کارروائی 25 مئی تک مؤخر کر دی۔
عدالت نے علی امین گنڈاپور کو حاضری لگا کر جانے کی اجازت دے دی ۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے خلاف تھانہ گولڑہ میں مقدمہ درج ہے ۔علی امین گنڈاپور کے خلاف غیر قانونی اسلحہ اور شراب برآمدگی کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ صہیب بلال رانجھا نے کی۔ عدالت نے وکیل صفائی کو گاڑی پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت انتیس اپریل تک ملتوی کر دی۔