وزیر اعظم شہباز شریف عالمی اقتصادی فورم کے عالمی تعاون، ترقی اور توانائی کے حوالے سے خصوصی اجلاس میں شرکت کے لئے 2روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ ہوگئے۔ وزیرخارجہ اسحاق ڈار اور وزیرخزانہ محمد اورنگزیب بھی ہمراہ ہیں۔
وزیراعظم کو اجلاس میں شرکت کی دعوت سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان اورعالمی اقتصادی فورم کے بانی اور چیف ایگزیکٹو کلائوس شویب نے دی۔
وزیراعظم عالمی صحت، فنانشل ٹیکنالوجیز، انفارمیشن ٹیکنالوجی، جامع ترقی،علاقائی تعاون، اورعالمی ترقی کے تناظر میں توانائی کے متوازن استعمال کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف دنیا کے سامنے رکھیں گے۔
عالمی اقتصادی فورم کے اس خصوصی اجلاس کی سائیڈ لائنز پر وزیراعظم کی اہم عالمی رہنماؤں، عالمی اداروں کے سربراہان اور دیگر اہم شخصیات سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔ وفاقی کابینہ کے اہم اراکین وزیراعظم کے ہمراہ وفد میں شامل ہوں گے۔
دوسری جانب ترجمان وزارت خارجہ کے مطابق وزیر اعظم 4-5 مئی 2024 کو گیمبیا کے دارالحکومت بنجول میں “پائیدار ترقی کے لیے مذاکرات کے ذریعے اتحاد اور یکجہتی کو بڑھانا” کے نعرے کے تحت اسلامی سربراہی کانفرنس کے 15ویں اجلاس میں شرکت کے لیے گیمبیا کا دورہ کریں گے۔ او آئی سی کا سربراہی اجلاس ایسے نازک وقت میں منعقد ہو رہا ہے جب غزہ میں اسرائیلی مظالم کا سلسلہ جاری ہے ، اجلاس میں مسلم دنیا کے رہنما فلسطین کی صورتحال پر غور و خوض کریں گے۔