چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنا چاہئے، انتخابات آئین کے مطابق 90 روز میں کرائے جائیں، سانحہ 9 مئی میں ملوث شرپسندوں کو سبق سکھانا ہے، آپ کی سیاسی ٹریننگ ہورہی ہے، آپ کو سیاستدان بنایا جارہا ہے، نیب سے کبھی ڈرے ہیں اور نہ کبھی ڈریں گے، آرمی چیف سے تاجروں کی ملاقات کوئی نئی بات نہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک کا سب سے بڑا مسئلہ مہنگائی ہے، پیپلزپارٹی کا مقابلہ غربت، مہنگائی اور بیروزگاری سے ہے، ہم نے کارکردگی سے ثابت کیا ہے کہ پیپلزپارٹی عوام دوست سیاست کرتی ہے۔
انہوں نے جلد از جلد الیکشن کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں الیکشن آئین کے مطابق 90 روز میں کرائے جائیں، الیکشن صاف اور شفاف ہونے چاہئیں، الیکشن کرائے جائیں تاکہ ہم الیکشن جیت کر عوام کی خدمت کرسکیں، الیکشن کمیشن کو جلد از جلد تاریخ کا اعلان کرنا چاہئے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی ہر وقت الیکشن کیلئے تیار تھی سوال ان سے کریں جو بھاگتے رہے، عوام آصف زرداری یا نواز شریف کو چنتے ہیں تو قبول کرنا چاہئے، عوام پاکستان تحریک انصاف کو چنتے ہیں تو قبول کریں گے، کٹھ پتلی کے مسلط ہونے سے ملک کا نقصان ہوا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم ان سیاستدانوں کو بتانا چاہتے ہیں کہ گھبرانا نہیں ہے، سانحہ 9 مئی میں ملوث شرپسندوں کو سبق سکھانا ہے، آپ کی سیاسی ٹریننگ ہورہی ہے، آپ کو سیاستدان بنایا جارہا ہے، ہم نے پروپیگنڈا کرنے والوں کو اپنی کارکردگی سے منہ توڑ جواب دیا ہے، بطور سیاسی قیدی سب سے زیادہ وقت آصف زرداری نے جیل میں گزارا۔
ان کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کی تاجروں سے ملاقات کوئی نئی بات نہیں، گزشتہ2، 3 آرمی چیف بھی تاجروں سے ملاقاتیں کرتے رہے ہیں، تاجروں کی ججز، بیورو کریٹ اور سیاستدانوں تک بھی پہنچ ہے، بزنس کمیونٹی کو اپنے مسائل سیاسی جماعتوں کو بھی بتانا چاہئیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ چیخ چیخ کر کہہ رہے ہیں غربت اور بیروزگاری تاریخی سطح پر پہنچ گئی ہے، چاہتے ہیں پاکستان کو مسائل سے نکالیں، پیپلزپارٹی عوام کی نمائندگی کرتی رہے گی۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن کو انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنا چاہئے، الیکشن کمیشن کو دیکھنا چاہئے ملک میں دوغلی پالیسی کیوں چل رہی ہے، الیکشن کمیشن نے جو پابندیاں لگائی ہیں وہ اٹھائی جائیں، سندھ میں سیلاب متاثرین کے فنڈز روکنا ہیں تو دوسرے صوبوں میں بھی روکے جائیں۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ پی پی کے کسی رہنماء کا نام ای سی ایل میں نہیں ہے، نیب سے کبھی ڈرے ہیں اور نہ کبھی ڈریں گے، پیپلزپارٹی کا فوکس اپنے کام پر ہے کیسز پر نہیں، پیپلزپارٹی عدالت، نیب کا سامنا کرنے کو تیار ہے، جھوٹی خبریں چلواکر پیپلزپارٹی کو خاموش نہیں کرایاجاسکتا، جو کہتا تھا سب کو جیل میں ڈالوں گا آج وہ خود جیل میں ہے۔