پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی فخر زمان نے کہا ہے کہ میں اوپنر ہوں لیکن جب مینجمنٹ بتائے بغیر پانچویں چھٹے نمبر پر بھیجے گی تو پرفارمنس میں فرق پڑتا ہے، انٹرنیشنل لیول پر میچ ہارنا اچھا نہیں لگتا۔
نیوزی لینڈ کے خلاف چوتھے ٹی 20 میں شکست کے بعد پریس کانفرنس میں فخر زمان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ سر پر ہے مین گول ورلڈ کپ ہے، انٹرنیشنل لیول پر میچ ہارنا اچھا نہیں لگتا، کوشش کریں گے اگلا میچ اچھا کھیلیں اور جیتیں۔
انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ بہت بڑا ایونٹ ہے، انٹرنیشنل لیول پر ایک ایک میچ جیتنا ضروری ہوتا ہے، ورلڈ کپ ہے اسکے لیے تیاری کررہے ہیں، غلطیاں ہم نے کافی کی ہیں شروعات میں میچ بہت اچھا نہیں رہا۔
ان کا کہنا تھا کہ افتخار اور میں نے میچ بنا دیا تھا، اوس کی وجہ سے میچ ہمارے حق میں تھا لیکن میں نے اور افتخار نے میچ فنش نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ سے پہلے بیٹھ کر بات ہوئی تھی تو فئیر چانس دینے کی بات ہوئی تھی، عثمان خان اچھا کھلاڑی ہے کوچز اسکو سمجھاتے رہتے ہیں، میں نے بھی انکو یہی کہا تھا کہ اپنی گیم کھیلیں کسی کی باتیں نہ سنیں کیونکہ کھلاڑی ڈبل مائنڈ ہوجاتا ہے، میں بھی شروعات میں ڈبل مائنڈ ہوجاتا تھا، کوچز کے سمجھانے سے بہت فائدہ ہوتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اوپنر ہوں مینجمنٹ بتائے بغیر پانچویں چھٹے پر بھیجیں گے تو فرق پڑتا ہے، مصباح الحق نے کہا تھا کہ آپ پانچویں چھٹے پر کھیلیں تو بہتر کھیل سکتے، میں نے مائنڈ بنا لیا تھا کہ میں اسی نمبر پر کھیلوں گا، مجھے پہلے بتایا تھا کہ آپ پہلے تین میچ نہیں کھیلیں گے۔