فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک ( فافن ) نے 21 اپریل کو ہونے والے ضمنی انتخابات کے حوالے سے ابتدائی جائزہ رپورٹ جاری کردی ہے جس میں کہا گیا کہ ضمنی انتخابات میں ووٹرز ٹرن آؤٹ 8 فروری کی نسبت تبدیل ہوتا نظر آیا۔
فافن کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا کہ ضمنی انتخابات کے دوران لاہور میں ووٹرز ٹرن آؤٹ واضح طور پر کم ہوا جبکہ گجرات ، خضدار اور قلعہ عبداللہ میں ووٹرز ٹرن آؤٹ میں اضافہ ہوا اور ضمنی انتخابات میں گنتی سے خارج ووٹوں کی تعداد بھی آدھی ہوگئی۔
رپورٹ کے مطابق ووٹرز ٹرن آؤٹ کی شرح تقریبا 36 فیصد رہی جو 8 فروری کے مقابلے میں کم تھی، خواتین کے ووٹ ڈالنے کی شرح میں 12 فیصد اور مردوں کی شرح میں 9 فیصد کمی ہوئی۔
وزیرآباد اور تلہ گنگ میں رکاوٹیں اور تشدد کے واقعات رونما ہوئے، نتائج کی شفافیت اور بیلٹ پیپرز کے اجراء میں بے ضابطگیوں کے واقعات ہوئے۔
21اپریل کے ضمنی انتخابات میں 35 ہزار 574 ووٹس خارج ہوئے، 4 حلقوں میں خارج شدہ ووٹس کی تعداد ، جیتنے والے امیدوار کے مارجن سے زیادہ تھی، عام انتخابات میں ایسا کوئی حلقہ نہیں تھا جہاں خارج ووٹ کی تعداد جیت مارجن سے زیادہ ہو۔
ضمنی انتخابات کے حلقوں میں جیت کے مارجن میں اضافہ دیکھا گیا۔
فافن کے مطابق پولنگ ایجنٹس اور مجاز مبصرین کو ووٹنگ اور گنتی کےعمل تک رسائی حاصل رہی، وزیرآباد اور تلہ گنگ میں آزادانہ مشاہدے پر پابندیاں دیکھنے میں آئیں، 19 پولنگ سٹیشنز پر فافن کے مبصرین کو انتخابی عمل کا مشاہدہ سے روکا گیا۔