پنجاب میں گندم کی خریداری کے حوالے سے محکمہ خوراک کا موقف سامنے آگیا۔
ترجمان محکمہ خوراک توصیف صبیح کا کہنا ہے کہ باردانہ کے حصول کیلئے جمع شدہ درخواستوں کی اسکروٹنی کا عمل جاری ہے، گندم خریداری پالیسی کے تحت پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی اور پی آئی ٹی بی درخواستوں کی جانچ پڑتال کررہا ہے۔
ترجمان کے مطابق درخواست گزار کی اہلیت جانچنے میں محکمہ خوراک پنجاب کا کوئی کردار نہیں۔
گندم خریداری پالیسی کے مطابق چھ ایکڑ تک کے کاشتکار درخواست جمع کروانے کے اہل تھے۔
ترجمان کے مطابق اہل کاشتکاروں کو درخواست کی منظوری کے میسجز بھیجے جارہے ہیں ، درخواستوں کی اسکروٹنی مکمل ہونے پر محکمہ خوراک شیڈول کے مطابق گندم خریدے گا۔
محکمہ خوراک نے پنجاب بھر میں 393 گندم خریداری مراکز قائم کر دیےہیں جہاں باردانہ پہنچا دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میسجز ملنے پر کاشتکار متعلقہ سینٹرز سے رابطہ کریں۔