فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر ) 6 بڑے شہروں میں تاجروں کی رجسٹریشن میں ناکام ہوگیا۔
تاجر کسی دھمکی کے زیر اثر آئے نہ ہی حکومتی مراعات کے لالچ میں جس کے بعد معیشت کو دستاویزی شکل دینے میں حکومت کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایف بی آر چھ بڑے شہروں میں تاجروں کی رجسٹریشن میں ناکام ہوگیا ہے جبکہ ری ٹیلرز، ہول سیلرز اور ڈیلرز نے رضاکارانہ اسکیم نظرانداز کردی ہے۔
تاجروں کی رجسٹریشن اسکیم میں ایک ماہ کی توسیع کا امکان ہے۔
چھ بڑے شہروں میں تیس لاکھ سے زیادہ تاجروں کی رجسٹریشن کا ہدف مقرر کیا گیا تھاتاہم، ابتدائی 18 روز میں صرف چند تاجروں نے ہی رجسٹریشن کرائی۔
کراچی، لاہور،کوئٹہ، پشاور، راولپنڈی اور اسلام آباد میں نتائج مایوس کن رہے۔
نان فائلرز کے بجلی بل منقطع کرنے میں قانونی مشکلات درپیش ہیں، لاکھوں نان فائلرز کی موبائل سمز بلاک کرنے کا آپشن بھی تاخیر کا شکار ہے۔
ری ٹیلرز، ہول سیلرز، ڈیلرز ماہانہ بنیاد پر ٹیکس جمع کرانے کے پابند ہیں، ٹیکس ریٹرن جمع کرانے والے تاجروں کو 25 فیصد رعایت کی پیشکش برقرار ہے۔