وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ زرمبادلہ ذخاِئر مضبوط اور شرح تبادلہ مستحکم ہے۔ آئی ایم ایف سے مذاکرات میں روپےکی قدر مزید گرنے کا امکان نہیں۔
بلوم برگ کے ساتھ راؤنڈ ٹیبل اجلاس میں وزیرخزانہ نے کہا کہ ترسیلات زر اور برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے، روپے کی قدر میں مزید کمی کی کوئی وجہ نظر نہیں آتی، روپےکی قدرمیں سالانہ روائتی 6 سے8 فیصد سےزیادہ کمی کا کوئی جواز نہیں۔ آنے والے برسوں میں معاشی شرح نمو4 فیصد سے تجاوز کرجائے گی۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ آئی ایم ایف سے نئے قرض کیلئے اسٹاف لیول معاہدہ جون کے آخریا جولائی کے اوائل میں متوقع ہے، آئی ایم ایف مشن کا دورہ پاکستان مئی میں متوقع ہے، آنے والے برسوں میں پاکستان کی معاشی شرح نمومیں اضافہ متوقع ہے۔
بلوم برگ کے مطابق وزیرخزانہ نے تیل کی عالمی قیمتوں میں اضافے کے خدشے کا اظہار کیا، مزید کہا کہ حکومت صنعت، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ترقی کیلئے کوشاں ہے، معاہدے سے پاکستانی انٹرنیشنل بانڈ، اسٹاک مارکیٹ میں بہتری آئے گی، پاکستان6 ارب ڈالر کے نئے پروگرام کیلئے درخواست کرسکتاہے۔
قبل ازیں وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے واشنگٹن میں امریکی اسسٹنٹ سیکریٹری ڈونلڈ لو سے ملاقات میں پاک امریکہ اقتصادی شراکت داری کو اپ گریڈ کرنے پر زور دیا۔
وزارت خزانہ کے مطابق ملاقات واشنگٹن میں ورلڈ بینک کے ہیڈ کوارٹرز میں ہوئی، ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے سیاسی عزم کا اظہار کیا گیا، متبادل توانائی کے ذرائع، زراعت، موسمیاتی تبدیلی کے خلاف اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا، پاک امریکہ اقتصادی شراکت داری کو اپ گریڈ کرنے پر زور دیا گیا۔