محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب نے عصر حاضر کے تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے روڈا اور سی بی ڈی پنجاب میں سفری سہولیات کے لئے نئے نظام کی تشکیل کا فیصلہ کر لیا جس کے تحت دریائے راوی میں کشتی سفر کیلئے 15 ڈاکنگ اسٹیشن بھی بنیں گے ۔
اسی حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات پر راوی اربن ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے دفتر میں وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ احمد جاوید قاضی ، چیئرمین روڈا بیرسٹر کمال اظفر سی ای او روڈا عمران امین، سی اواو برگیڈیئر( ریٹائرڈ ) منصور احمد جنجوعہ بھی شریک ہوئے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ٹرانسپورٹ نظام کی بہتری کیلئے ہم 30 سالہ منصوبہ بندی کا ارادہ رکھتے ہیں جس میں ہر 5 سال کیلئے جدت سے مزین پروگرام کو لاگو کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن پر بڑھتی ہوئی آبادی کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہمیں صرف انڈر پاس اور فلائی اوور پر ہی توجہ مرکوز نہ رکھنی ہوگی بلکہ اس سے بڑھ کر بھی صوبہ کے مختلف شہروں میں سفری سہولیات کے لئے کام کرنا ہوگا۔
اجلاس میں سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ پنجاب ایریا میں گرین ، اورینج اور بلیو لائن بس سہولیات کے علاوہ الیکٹرک وہیکل اور بائیسکل ٹریک کے حوالے سے تجاویز کو بھی حتمی شکل دی گئی جبکہ روڈا ایریا میں مختلف فیڈز روٹ ، 13 انٹر چینج ، 9 پارکنگ ڈیپوٹس، 2 فرائیٹ ٹرمینل اور ایک ریلوے ٹریک بارے بھی نظام کولاگو کرنے پر غور کیا گیا۔
اجلاس کے اختتام پر بیرسٹر کمال اظفر چیئر مین روڈا اور عمران امین سی ای او نے بلال اکبر کی طرف سے نظام کی بہتری کیلئے موثر منصوبہ بندی پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے روڈا اور سی بی ڈی میں جلد منصوبوں کی تکمیل پر اپنے عزم کا بھی اعادہ کیا۔