پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے سینیٹر اعجاز چوہدری اور سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے پارٹی چھوڑ کر جانے والے رہنماؤں کو واپسی کی اجازت دینے کی اپیل کردی۔
کوٹ لکھپت جیل سے پی ٹی آئی سینیٹر اعجاز احمد چوہدری اور سابق گورنر پنجاب عمرسرفراز چیمہ نے خط لکھا جس میں کہا گیا کہ 9 مئی کے بعد پارٹی چھوڑنے والے عہدیداروں ، ارکان اسمبلی اور اہم کارکنان کی پارٹی میں واپسی پرغورکی ضرورت ہے۔
خط میں کہا گیا کہ 9 مئی کے بعد مشکل حالات میں پارٹی چھوڑنے والوں کی واپسی پر غور کی ضرورت ہے، ہر فرد مشکلات ، دباؤ اور ظلم و تشدد کا مقابلہ نہیں کرسکتا اس لئے پارٹی چھوڑ دی، 8 فروری کے الیکشن میں عوام کا فیصلہ دیکھ کر بہت سارے لوگ واپس آنا چاہتے ہیں۔
خط میں کہا گیا کہ بانی چیئرمین سے اپیل ہے چھوڑنے والوں کو واپس آنے کی اجازت دی جائے تاکہ وہ تحریک تحفظ آئین پاکستان میں حصہ لے سکیں، جو افراد پارٹی میں دوبارہ شامل ہونا چاہتے ہیں چیئرمین گوہرعلی خان کے نام اپیل کریں۔
خط میں مزید کہا کہ کورکمیٹی سے سفارش کے بعد وہ نام بانی چیئرمین کو منظوری کیلئے بھیجے جائیں۔