پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) نے بہاولنگر واقعہ کی تحقیقات کے لئے غیرجانبدار کمیشن بنانے کا مطالبہ کر دیا۔
اسلام آباد میں ترجمان پی ٹی آئی رؤف حسن نے وکلاء کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بہاولنگر واقعہ کی تحقیقات کے لئے غیرجانبدار کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا اور واقعہ کو سیاسی فائدے کیلئے استعمال کرنے کی کوشش بھی کی۔
پی ٹی آئی ترجمان نے پنجاب میں جلسوں کی اجازت نہ ملنے پر عدلیہ سے رجوع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے بنی گالہ سب جیل میں بشریٰ بی بی کے کمرے اور باتھ روم میں کیمرے لگانے کا الزام بھی عائد کیا۔
رؤف حسن کا کہنا تھا کہ بہاولنگر واقعہ میں داد رسی اس شخص کی تو ہو گئی جس کے گھر پولیس نے پولیس گردی کی ، لیکن کیا پی ٹی آئی کے سینکڑوں ، ہزاروں ورکرز ، جن کے ساتھ اس طرح کا اور اس سے بدتر سلوک کیا گیا ، کیا ان کی بھی داد رسی کہیں ہوگی ؟، ان کی داد رسی کرنے کے لئے بھی کوئی ادارہ کھڑا ہوگا؟۔
تحریک انصاف کے وکیل انتظارپنجوتھا نے بنی گالہ سب جیل میں بشریٰ بی بی کے کمرے اور باتھ روم میں کیمرے لگائے جانے کا الزام عائد کرتے ہوئے تحقیقاتی کمیشن کے قیام کا مطالبہ بھی کیا۔
انتظار پنجوتھا کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کے بیڈ روم اور واش روم میں کیمرے لگائےگئے ہیں ، ہم مطالبہ کرتے ہیں ٹیم بھجوائی جائے ، کمیشن مقرر کیا جائے جو کیمرے وہاں لگائے گئے ہیں ان کو اتارا جائے اور جس نے یہ ناپاک حرکت کی ہے ، ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔
پی ٹی آئی رہنماؤں نے بتایا پنجاب میں احتجاجی جلسوں کے لئے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو درخواستیں دے دی ہیں ، اجازت نہ ملی تو انصاف کا در کھٹکھٹائیں گے ۔
اس موقع پر سابق وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا سانحہ 9 مئی کے حوالے سے حقائق آئندہ ہفتے سامنے لائیں گے۔