بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی نکاح کیس میں سزا کیخلاف اپیلوں پرسماعت 24 اپریل تک ملتوی ہوگئی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں دوران عدت نکاح کے مقدمے میں سزا کےخلاف اپیلوں پر سماعت آگے نہ بڑھ سکی۔
بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکیل پیش ہوئے جبکہ مدعی مقدمہ خاور مانیکا کے وکیل راجہ رضوان عباسی اس بار بھی غیرحاضر رہے۔
سیشن جج شاہ رخ ارجمند نے کہا عباسی صاحب دلائل دینے سے کیوں ڈر رہے ہیں ؟ آج وہ نہیں آئیں گے تو ہم اپیلوں پر فیصلہ کر دیں گے ۔
سماعت میں دو بار وقفے کے بعد وکیل راجہ رضوان عباسی کو پیش ہونا ہی پڑا جس کے بعد انہوں نے ٹرائل کورٹ کا فیصلہ اور گواہوں کے بیانات پڑھ کر سنائے اور دلائل کی تیاری کیلئے سماعت یکم یا دو مئی تک ملتوی کرنے کی استدعا کر دی ۔
جج نے ابھی کیس کے التوا کا حکم جاری نہیں کیا تھا کہ رضوان عباسی کمرہ عدالت سے چلے گئے ۔
بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا مقدمے میں جان نہیں اس لئے تاخیری حربے استعمال کئے جا رہے ہیں ۔
سلمان اکرم راجہ نے مؤقف اختیار کیا رضوان عباسی بغیر اجازت عدالت سے چلے کیسے گئے ؟ لگتا ہے انہیں پورا اعتماد ہے کہ التوا کی استدعا منظور ہو جائے گی ۔
بعدازاں، عدالت نے آئندہ سماعت پر دلائل مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت مئی کے پہلے ہفتے کے بجائے 24 اپریل تک ملتوی کر دی ۔