محکمہ خوراک گندم خریداری کا عمل ہفتہ ( کل ) سے شروع کرے گا جبکہ کاشتکار باردانہ ایپ کے ذریعے باردانہ کے حصول کی درخواست دے سکیں گے۔
ترجمان محکمہ خوراک کے مطابق باردانہ ایپ پر 13 سے 17 اپریل تک باردانہ کی درخواست دی جا سکے گی ، باردانہ کا اجراء 19 اپریل 2024 سے ہوگا اور پیر22 اپریل سے گندم کی خریداری شروع ہوگی۔
پی آئی ٹی بی اور پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کی تصدیق کے بعد کاشتکاروں کو تصدیقی میسج کیا جائے گا۔
باردانہ پہلے آئیں پہلے پائیں کی بنیاد پر دیا جائے گا، پنجاب بھرمیں 393 گندم خریداری مراکز قائم کیے گئے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ ضلعی سطح پر گندم کی خریداری کیلئے تمام انتظامات مکمل ہیں، کاشتکاروں سے گندم 3900روپے فی من کےحساب سےخریدی جائے گی، ہر کاشتکار کو 30 روپے فی 100 کلوگرام ڈلیوری چارجز بھی ادا کیے جائیں گے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ چھوٹے کسان کے تحفظ کیلئے باردانہ حصول کی اہلیت 6 ایکڑ تک رکھی گئی ہے، فلورملز، پرائیویٹ سیکٹر اور سیڈ کمپنیوں کو بھی مقررہ نرخ پر خریداری کی اجازت دی گئی ہے۔
گندم خریداری مہم کے دوران شکایات کے ازالے کیلئے کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیا ہے۔