ڈائریکٹر جنرل ( ڈی جی ) اینٹی کرپشن پنجاب سہیل ظفر چٹھہ نے چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کو پنجاب اسمبلی کے سابق سیکرٹری محمد خان بھٹی کی تعیناتی سے متعلق کیس میں نامزد کئے گئے دوسینئر بیوروکریٹس کے نام مقدمے سے خارج کرنے کی یقین دہانی کرادی۔
پنجاب اسمبلی کے سابق سیکرٹری محمد خان بھٹی کی تعیناتی سے متعلق کیس میں دوسینئر بیوروکریٹس کی نامزدگی کے معاملے پر چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان سے ڈی جی پنجاب اینٹی کرپشن سہیل ظفر چٹھہ کی ملاقات ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران مقدمے میں نامزد افسران کے متعلق معاملات طے پا گئے ہیں اور دونوں کے نام مقدمے سے خارج کرنے کی یقین دہانی کرا دی گئی ہے۔
ملاقات کے دوران چیف سیکرٹری نے ڈی جی اینٹی کرپشن سے کہا کہ افسران نے وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات مانے اور سمری تیارکی، دونوں افسران کسی غیرقانونی کام میں ملوث نہیں۔
ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن نے یقین دہانی کروائی کہ افسران کے نام ایف آئی آر سے نکال دیں گے۔
دوسری جانب مذکورہ مقدمے میں نامزد افسران مسعود مختار اور آصف طفیل کی بھی چیف سیکرٹری سے ملاقات ہوئی ہے۔
یاد رہے کہ اینٹی کرپشن نے محمد خان بھٹی تعیناتی کیس میں دو سنیئر بیورو کریٹ کو نامزد کر رکھا ہے۔