عید الفطر کے قبل ملک میں مہنگائی کا پارہ ایک بار پھر چڑھ گیا ہے، ایک ہفتے میں 16 اشیاء ضروریہ کی قیمتیں پھربڑھ گئیں۔
ادارہ شماریات کے مطابق ہفتہ واربنیادوں پر مہنگائی کی شرح صفراعشاریہ 96 فیصد اضافے کے ساتھ ایک مرتبہ پھرسے 29 اعشاریہ 45 فیصد کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق 16 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ شماریات بیورو کی رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے ٹماٹرکی فی کلو قیمت میں11 روپے اور زندہ مرغی فی کلو 13 روپے سے زائد اضافہ ہوا ہے۔
پیاز3 روپے، لہسن 4 روپے بیف اور مٹن 7 روپے فی کلو تک مہنگے ہوئے۔ چاول، برانڈڈ گھی، پٹرول، کپڑے اورجوتے بھی مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔
شماریات بیورو کے مطابق رواں ہفتے آٹے کا 20 کلو تھیلا 70 روپے تک سستا ہوا،جبکہ انڈوں کی فی درجن 6 روپے تک کمی ہوئی ہے۔ دال مسور، دال مونگ، چینی، آلو، کیلے سستی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں، 22 اشیائے کی قیمتوں میں استحکام رہا ہے۔