وفاقی وزیر مواصلات اور نجکاری و سرمایہ کاری عبدالعلیم خان نے اسلام آباد میں چینی سفارتخانے کا دورہ کیا اور چینی سفیر جیانگ زیدڈونگ سے ملاقات کرکے چینی انجینئرز کو درپیش حالیہ حادثات پر دلی دکھ اور گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے دہشتگردی واقعہ میں چینی شہریوں کی ہلاکت پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا چینی انجینئرز کی ہلاکت پر ہر پاکستانی رنجیدہ اوردل گرفتہ ہے، حادثے کا شکارہونے والےچینی انجینئرزکےخاندانوں سے اظہار ہمدردی ہے۔
عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی خطے میں معاشی استحکام اور امن کی علامت ہے۔
انہوں نے کہا چین اور پاکستان کے درمیان گہری رفاقت اور دوطرفہ روابط کونقصان نہیں پہنچایا جاسکتا۔
وزیر مواصلات نے کہا وفاقی حکومت نے غیرملکی انجینئرز کی سیکیورٹی میں غیر معمولی اضافہ کردیا ہے۔
اس موقع پر چینی سفیر نے وزیر مواصلات اور نجکاری و سرمایہ کاری کی آمد اور ہمدردی و یکجہتی کے اظہار پر شکریہ ادا کیا۔