پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) نے گرینڈ الائنس کے تحت پہلا عوامی اجتماع 13 اپریل کو پشین میں منعقد کرنے کا اعلان کردیا۔
جمعہ کے روز تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس ہوا جس میں بانی پی ٹی آئی کیخلاف مقدمات کےحوالے سےبریفنگ دی گئی۔
اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں بانی پی ٹی آئی کیخلاف عدالتی کارروائی میں سست روی نہایت افسوسناک قرار دی گئی اور خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات ملتوی کرنے کی شدید مذمت کی گئی۔
اجلاس میں اعلیٰ عدلیہ کے ججز کو مشکوک خطوط کے ذریعے ہراساں کرنے کی شدید مذمت کی گئی اور ججز کی ہراسگی کے ذمہ داروں کیخلاف عبرتناک کارروائی کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔
خطوط کے معاملے پر فل کورٹ تشکیل دینے اور کارروائی کو براہِ راست نشر کرنے کے مطالبات کا اعادہ کیا گیا جبکہ الیکشن کمیشن اور ٹربیونلز سے انتخابی عذرداریوں کو جلد نمٹانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔
کور کمیٹی کی جانب سے الیکشن کمیشن سے پی ٹی آئی کا انتخابی نشان ”بلّا“ بحال کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔
کورکمیٹی نے اپوزیشن کے گرینڈ الائنس کے ذریعے بھرپور عوامی تحریک کی تائید بھی کی۔