پاکستان بار کونسل نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کے خط کے معاملے پر سوموٹو کیس کے جلد فیصلے کا مطالبہ کر دیا۔
جمعہ کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کے خط کے معاملے پر پاکستان بار کونسل کا اجلاس ہوا جس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق پاکستان بار کونسل کی جانب سے اجلاس کے دوران معاملے پر قرارداد بھی منظور کی گئی۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ چیف جسٹس پاکستان اور چیف جسٹس ہائیکورٹ کے استعفے کا مطالبہ نامناسب ہے، ایسے مطالبات عدلیہ کی آزادی کو نیچا دکھانے کے مترادف ہیں۔
ہائیکورٹ ججز کے خط کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں اور سوموٹو کیس کا بھی جلد فیصلہ کیا جائے۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ استعفے کا مطالبہ کرنے والے عدلیہ میں تقسیم چاہتے ہیں، مطالبے کی پر زور مذمت کرتے ہیں، استعفے سے معاملات حل نہیں بلکہ مزید خراب ہوں گے۔