وفاقی وزیر نجکاری عبدالعلیم خان نے کہا ہے پاکستان ایئر لائن ( پی آئی اے ) کے زیادہ تر واجبات اس کی بیلنس شیٹ سے ہٹا دیئےگئے ہیں اور قومی ائیر لائن کی تنظیم نو کے بعد سرمایہ کاری مزید اہمیت اختیار کر گئی ہے، امید ہے تاجر برادری بھی قومی ایئرلائن کے حصول میں اپنی دلچسپی ظاہر کرے گی۔
وفاقی وزیر نجکاری عبدالعلیم خان کی زیر صدارت نجکاری کمیشن بورڈ کے اجلاس میں پی آئی اے کی نجکاری کیلئے اہم اقدامات کئے گئے۔
اجلاس کے بعد جاری اعلامیے کے مطابق نجکاری کمیشن بورڈ کا دو سو سترہواں اجلاس دو اور چار اپریل کو دونشستوں میں ہوا۔
بورڈ نے پی آئی اے کی تقسیم کیلئے پیش کی جانے والی بولیوں کی جانچ پڑتال کرکے پری کوالیفکیشن کے معیار اور پری کوالیفیکیشن کمیٹی کی منظوری دے دی جبکہ پی آئی اے سی ایل میں اکثریتی حصص کی بولی لگانے کے خواہشمند اداروں سے اظہار دلچسپی کی درخواستیں بھی طلب کر لیں۔
نجکاری کمیشن کے مطابق اظہار دلچسپی کا اشتہار اور تمام متعلقہ دستاویزات نجکاری کمیشن کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔
اس موقع پر وزیر نجکاری عبدالعیم خان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کی نجکاری مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کیلئے نہایت پرکشش موقع ہے۔