بھارت میں ایک بھکاری ایسا بھی ہے جس کی زندگی فلم میں کیئے گئے 5 سکینڈ کے سین نے مکمل بدل کر رکھ دی ۔
تفصیلات کے مطابق یہ شخصیت اور کوئی نہیں بلکہ ’ منوج رائے ‘ ہے جو کہ دہلی کی گلیوں میں بھیک مانگا کرتا تھا لیکن قسمت اسے عامر خان کی مشہور زمانہ فلم ’ پی کے ‘ میں کھینچ کر لے گئی۔ منو رائے نے فلم ’ پی کے ‘ میں 5 سکینڈپر مبنی بھکاری کا ایک چھوٹا سا کردار ادا کیا جس نے اس کی زندگی ہی بدل کر رکھ دی ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق منوج رائے کھانے کی تلاش میں پی کے فلم کے آڈیشن تک پہنچ گیا اور فلم میں پانچ سیکنڈ کا کردار ادا کرنے کے عوض ملنے والے پیسوں سے اس نے اپنی زندگی کا رخ موڑا اور اب اچھی زندگی گزار رہاہے ۔
منوج رائے کا تعلق سونتی پور کے علاقے بیدیتی سے ہے اس کا باپ مزدوری کرتی ہے اور اس کی ماں اس کی پیدائش کے فوری بعد دنیا سے رخصت ہو گئی تھی ،منوج کو اپنا سکول بھی اس وقت چھوڑنا پڑا جب اس کے والد بیمار ہو گئے اور گھر میں کھانے پینے کیلئے بھی کچھ نہ بچا، منوج نے گزر بسر کیلئے بھیک مانگنا شروع کر دی جبکہ وہ دہلی بھی نوکری کی تلاش میں گیا لیکن کوئی کامیابی نہیں ملی اور وہ جس کام میں بہتر وہی کرنے لگا یعنی بھیک مانگنا پھر شروع کر دیا ۔
منوج رائے نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ میں بھیک مانگنے کیلئے دہلی کے علاقے جنتر منتر باقاعدگی سے جایا کرتا تھا ، ایک دن دو افراد میرے پاس آئے اور مجھے کہنے لگے کہ فلم میں ایکٹنگ کروگے، جس پر میں نے جواب دیا کہ اداکاری ہی ایک واحد ذریعے ہے جس سے میں دو وقت کی روٹی کما لیتا ہوں ، ، انہوں نے مجھے بیس روپے کے ساتھ ایک فون نمبر دیا اور چلے گئے ۔
منوج نے بتایا پھر اسے نہرو سٹیڈیم میں آڈیشن کیلئے بلایا گیا ، میں نے آڈیشن میں وہاں موجود دیگر 7 بھکاریوں کوشکست دی اور عامر خان کی فلم میں بھکاری کا کردار حاصل کیا ۔ اس کا کہناتھا کہ فلم سے حاصل ہونے والے پیسوں کے ساتھ میں گھر واپس آیا ، اب میرے پاس نوکری ہے ، ایک فیس بک اکاونٹ بھی بنایا ہے اور میری گرل فرینڈبھی ہے ، لوگ اب مجھے پی کے ہنی سنگھ بلاتے ہیں ، یہ سب کچھ مجھے اس فلم کی وجہ سے ہی ملا ہے ۔
منوج نے فلم میں اندھے بھیکاری کا کردار نبھایا ، وہ چھڑی پکڑ کر رکھا رہتاہے اور اتنی دیر میں عامر خان آکر اس کے کٹورے میں سے سکے چراتے ہیں ۔یہ سین تقریبا 5 سکینڈ پر مبنی ہے ۔