امریکا اور چین کی جانب سے اقتصادی، تجارتی اور دیگر شعبوں میں مشاورتی میکنزم کے فروغ پر اتفاق کیا گیا ہے۔
وائٹ ہاؤس کے ترجمان کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات، علاقائی استحکام اور عالمی مسائل پر تعمیری گفتگو کی۔
ترجمان نے بتایا کہ دونوں رہنماؤں نے اقتصادی، تجارتی اور دیگر شعبوں میں مشاورتی میکنزم کے فروغ پر اتفاق کیا۔
چینی سرکاری میڈیا کے مطابق چینی صدر نے امریکی وزیرخارجہ اور وزیر خزانہ کے ممکنہ دورہ چین کا خیرمقدم کیا۔
دونوں رہنماؤں نے انسداد منشیات،اے آئی اور موسمیاتی تبدیلی پر تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔
ترجمان وائٹ ہاؤس کا مزید کہنا تھا کہ بائیڈن نے آبنائے تائیوان میں امن اور استحکام کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔
خیال رہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان 5ماہ بعد رابطہ ہوا ہے۔