اسلام آباد ہائیکورٹ کے 8 ججز کومشکوک خظ موصول ہونے کا انکشاف ہوا ہے جسے کھولنے کے بعد عدالتی اہلکاروں کی آنکھوں میں جلن شروع ہو گئی ، ڈی آئی جی سیکیورٹی اسلام آباد نے معاملہ سی ٹی ڈی کو بھجوا دیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق خط کے معاملے کا مقدمہ دہشتگردی ایکٹ کے تحت تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کیا جائے گا ، فرانزک ایکسپرٹ نے تمام خطوط اور کوریئر سے متعلق اشیاء اپنی تحویل میں لے لی ہیں ۔
ذرائع کا کہناہے کہ ہائیکورٹ کے ججز کو موصول ہونے والا خط جب عدالتی سٹاف نے کھولا تو اس کے اندر سفوف تھا، خط کھولتے ہی آنکھوں میں جلن شروع ہو گئی ، متاثرہ اہلکاروں نے فوری طور پر سینیٹائزر استعمال کیا اور منہ ہاتھ دھوئے ۔
پولیس کے ماہرین کی ٹیم اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچ گئی ہے اور پاوڈر کے بارے میں جاننے کیلئے تحقیقات جاری ہیں، خط کے اندر ڈرانے اور دھمکانے والا نشان بھی موجود ہے جبکہ خط ریشم اہلیہ وقار حسین نامی خاتون نے لکھے ہیں ۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے آئی جی اسلام آباد پولیس اور ڈی آئی جی سیکیورٹی کو فوری طلب کر لیا ۔