وسطی غزہ میں ایک ہسپتال پر اسرائیلی فضائی حملے میں 7 صحافی زخمی ہو گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے دیر البلاح میں ہسپتال کے صحن میں اسلامک جہاد ( آئی جے ) کمانڈ سینٹر کو نشانہ بنایا جبکہ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ حملے میں آئی جے کے چار ارکان جان کی بازی بھی ہار گئے۔
حماس کے اتحادی اسلامی جہاد کی جانب سے ان دعووں پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔
زخمی ہونے والے صحافی ان سینکڑوں لوگوں میں شامل تھے جو ہسپتال کے گراؤنڈ میں عارضی خیموں میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔
علی حماد نامی ایک فوٹوگرافر نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ اسرائیلی فورسز نے بغیر کسی وارننگ کے خیمے کو نشانہ بنایا، ہم صحافیوں کے ایک گروپ کے طور پر پرامن طور پر خیمے میں تھے اور ہمارے درمیان کوئی دہشت گرد نہیں تھا۔
فوٹو گرافر کے مطابق ہم اپنے کیمرے تیار کر رہے تھے کہ اچانک خیمہ پر حملہ ہوا، سب کچھ تاریک ہو گیا اور ملبہ اور پتھر ہمارے سروں کے اوپر اڑ رہے تھے اور آگ کے شعلے بھڑک اٹھے۔
وزارت صحت غزہ کے مطابق اسرائیلی حملوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ میں 77 افراد شہید ہوئے ہیں جبکہ خان یونس شہر کے قریب بنی سہیلہ میں اسرائیلی حملے میں مزید 9 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔
وزارت صحت کے مطابق حماس اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ کے دوران اب تک 32,782 فلسطینی شہید اور 75,298 زخمی ہو چکے ہیں۔
اس ماہ کے شروع میں امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے کہا تھا کہ شہید ہونے والوں میں 25,000 سے زیادہ خواتین اور بچے شامل ہیں۔