وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے امریکی صدر جوبائیڈن کے خط کا جواب دے دیا گیا ہے جس میں کہا گیا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ تعلقات کو کلیدی اہمیت دیتا ہے۔
یاد رہے کہ 29 مارچ کو امریکی صدر جوبائیڈن نے وزیر اعظم شہباز کو خط لکھا تھا جس میں نومنتخب پاکستانی حکومت کیلئے نیک تمناوں کا اظہار کیا گیا تھا۔
خط میں کہا گیا تھا کہ پاک امریکا شراکت داری دنیا اور ہمارے عوام کی سلامتی یقینی بنانے میں اہم ہے اور دنیا اور خطے کو درپیش چیلنجز کا سامنا کرنے میں امریکا پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا ۔
صدر جو بائیڈن کا خط میں کہنا تھا کہ صحت عامہ کا تحفظ ، معاشی ترقی اور سب کیلئےتعلیم مشترکہ وژن ہے جسے مل کر فرغ دیتے ہیں گے جبکہ امریکا پاکستان گرین الائنس فریم ورک اور ماحولیاتی بہتری کیلئے اتحاد کو مزید مضبوط بنائیں گے ۔
اتوار کے روز وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے دیئے گئے جواب میں کہا گیا کہ توانائی ، موسمیاتی تبدیلی ، زراعت ، صحت اور تعلیم میں مل کر کام کر رہے ہیں اور دونوں ممالک کے مابین توانائی اور گرین الائنس میں تعاون خوش آئند ہے۔
خط میں کہا گیا کہ امریکا کے ساتھ عالمی امن اور خطے کی ترقی و خوشحالی کیلئے کام کرنا چاہتے ہیں۔