بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ نیا قرض معاہدہ طے پانے کے بعد پاکستان کےلیے بیرونی فنانسنگ کے دروازے کھل گئے۔
اقتصادی امور ڈویژن نے موجودہ مالی سال جولائی سے اگست بیرونی قرضوں اور فنڈنگ سے متعلق رپورٹ جاری کردی ہے، دو ماہ میں پاکستان کو 5 ارب ڈالر سے زیادہ کی بیرونی فنڈنگ حاصل ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کو بیرونی ذرائع سے پہلے 2 ماہ میں 5 ارب 31 کروڑ ڈالر حاصل ہوئے جبکہ گذشتہ مالی سال اسی عرصے میں 43 کروڑ 90 لاکھ ڈالر فنڈنگ حاصل ہوئی تھی۔ اگست 2023 میں 31 کروڑ 60 لاکھ ڈالر، جولائی میں 2 ارب 89 کروڑ ڈالر بیرونی فنڈنگ ملی، یہ فنڈز آئی ایم ایف سے ملنے والے 1 ارب 20 کروڑ ڈالر کے علاوہ ہیں۔
اعداد وشمار کے مطابق اس عرصے کے دوران سعودی عرب سے 2 ارب اور چین کی ایرو ٹیکنالوجی کارپوریشن سے 50 کروڑ 60 لاکھ ڈالر ملے، مختلف ملکوں سے باہمی قرض کے طور پر 22 کروڑ 10 لاکھ ڈالر حاصل ہوئے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ عالمی اداروں سے 33 کروڑ 60 لاکھ اور نیا پاکستان سرٹیفکیٹ سے 14 کروڑ 10 لاکھ ڈالر ملے، پہلے دو ماہ میں سعودی عرب سے سیف ڈپازٹس کی مد میں 2 ارب ڈالر ملے، 20 کروڑ ڈالر کا تیل بھی ادھار کی بنیاد پر ملا۔
رواں مالی سال کے دوران یو اے ای سے ایک کروڑ 20 لاکھ ڈالر ملے، عالمی بینک سے 17 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کا قرض ملا، اسلامی ترقیاتی بینک سے 87 کروڑ اور اے ڈی بی سے 39 کروڑ ڈالر قرض ملا، حکام کا کہنا ہے کہ اس سال بجٹ میں 17 ارب 62 کروڑ ڈالر کی بیرونی فنڈنگ ملنے کا تخمینہ ہے۔