گوجرانوالہ کی انسداد دہشتگری عدالت کی خاتون جج نتاشہ نسیم نے 9 مئی حملہ کیس کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے 51 نامزد ملزمان کو مجموعی طور پر 20،20 سال قید کی سزا سنا دی ۔
پی ٹی آئی قیادت و کارکنوں کی جانب سے 9 مئی کو راہوالی آرمی چیک پوسٹ اور پاک فوج کے جوانوں پر حملوں کے مقدمے کی سماعت سنٹرل جیل گوجرانوالہ میں ہوئی ،جس میں اے ٹی سی جج نتاشہ نسیم نے 51 ملزمان کو 3 الگ الگ دفعات کے تحت 5، 5 سال قید جبکہ 5 دفعات کے تحت 1,1 سال قید کی سزا سنادئی ملزمان کو 10،10 ہزار روپے جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا۔
10 مئی 2023 کو تھانہ کینٹ میں درج کئے گئے مقدمے میں ناجائز اسلحہ،قتل و دہشت گردی کی دفعات شامل ہیں،مقدمے کے مدعی پولیس انسپکٹر مدثر بٹ ہیں،مقدمے میں ایم پی اے کلیم اللہ، جمال ناصر،رضوان ظفر،رضوان سیان سمیت 23 نامزد اور 400 نامعلوم افراد ملزم تھے بعدازاں نادرا ریکارڈ اور فوٹیجز کے ذریعے مزید 28 ملزمان کو نامزد کیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق پی ٹی آئی کے مقامی رہنمائوں اور کارکنوں پر مشتمل مشتعل ہجوم نے راہوالی آرمی چیک پوسٹ پر حملہ کرتے ہوئے گھیرائو جلائو کیا اور سرکاری گاڑیوں کو آگ لگادی اسی دوران راشد مقبول نامی پولیس رضا کر بھی جابحق ہوگیا تھا جبکہ 8 پولیس اہلکار بھی زخمی بھی ہوئے تھے، قانونی ماہرین کے مطابق تمام سیکشنز کے تحت ہونیوالی 20 سال کی سزا ایک ساتھ شروع ہوگی جس کے مطابق تمام مجرموں کی سزائیں پانچ سال بعد پوری ہوجائیں گی۔