ملک میں اسمگلنگ اور بجلی چوری سمیت غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لئے سیاسی و عسکری قیادت کی جانب سے بڑا فیصلہ کرلیا گیا۔
جمعہ کو وزیرا عظم شہباز شریف کی زیر صدارت اسمگلنگ اور بجلی چوری سمیت غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء، صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے شرکاء کو جرائم پیشہ گروہوں، اسمگلنگ، ذخیرہ اندوزی، منی لانڈرنگ، بجلی چوری کے خلاف اقدامات پر بریفنگ دی گئی اور مؤثر کارروائیاں ملکی معیشت کیلئے اہم ترین قرار دی گئیں۔
اجلاس کے دوران وفاق اور صوبوں کے درمیان کرپٹ افسران کے خلاف کارروائی، انسداد بجلی چوری پالیسی، تقسیم کار کمپنیوں کی تنظیم نو اور اسمارٹ میٹرز کی تنصیب سے متعلق معاہدوں کی منظوری دے دی گئی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے طےشدہ اہداف کا بروقت حصول یقینی بنانے کی ہدایت کی جبکہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ملکی معیشت کی بحالی کیلئے پاک فوج کی جانب سے مکمل حمایت کا عزم دہرایا۔
اجلاس کو ملک میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی واپسی میں پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا اور غیر قانونی سرگرمیوں اور جرائم پیشہ مافیاز کے تدارک کی حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اسمگلروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھنے کا عزم دہرایا گیا۔