نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ الیکشن جنوری فروری سے پہلی بھی ہوسکتے ہیں، اگر سپریم کورٹ آف پاکستان 90 دن میں انتخابات کا فیصلہ دے گی تو اس پر بھی عمل کیا جائے گا۔
نجی ٹی وی کو دئیے گئے انٹرویو میں نگراں وزیراعظم نے کہا کہ نیشنل انوسٹمنٹ فیسیلیٹشن کونسل (این آئی ایف سی) کے ذریعے ہونے والے معاشی اقدامات کے نتائج دسمبر کے آخر تک آنا شروع ہو جائیں گے۔
آپ کو لگتا ہے کہ انتخابات جنوری یا فروری میں ہوجائیں گے؟ اس سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’ہوسکتا ہے اس سے پہلے بھی ہوجائیں، لیکن چونکہ اس کاتعین الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کرنا ہے تو پم بھی اس انتظار میں ہیں کہ جیسے ہی وہ تاریخ کا اعلان کرتے ہیں تو اس سے جڑی ہوئی جتنی بھی تیاری ہے وہ مکمل کرکے، ان کو سپورٹ کرکے جو آئینی فریضہ ہے وہ ادا کریں اور گھر کو جائیں‘۔
نگراں حکومت سے غیرمعمولی توقعات کے سوال پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جو بھی وقت ہمیں دیا گیا ہے ہم ایمانداری سے توقعات پر پورا اترنے اور اہداف پورے کرنے کی اپنی تئیں پوری کوشش کریں گے۔