انڈین پریمیئر لیگ ( آئی پی ایل ) ایڈیشن 2024 میں سن رائزز حیدر آباد کی ٹیم نے ایونٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا سکور بنا ڈالا۔
بدھ کو حیدر آباد کے راجیو گاندھی سٹیڈیم میں کھیلے گئے آئی پی ایل کے میچ میں سن رائزز حیدرآباد اور ممبئی انڈینز کی ٹیمیں مدمقابل تھیں جہاں ممبئی نے ٹاس جیت کر حیدر آباد کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
سن رائزز حیدر آباد کے بیٹرز نے چوکوں اور چھکوں کی برسات کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر ایونٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا سکور 277 بنا ڈالا۔
حیدر آباد کی اننگ میں مجموعی طور پر 18 چھکے اور 19 چوکے شامل تھے۔
ہینرک کلاس محض 34 گیندوں پر 80 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیل کر ٹاپ سکور رہے جبکہ دیگر بیٹرز میں ٹریوس ہیڈ نے 24 گیندوں پر 62 اور ابھیشیک شرما نے 23 گیندوں پر 63 رنز کی اننگ کھیلی۔
ایڈن مارکرم نے 28 گیندوں پر 42 رنز بنائے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل آئی پی ایل کی تاریخ کا سب سے بڑا سکور رائل چیلنجرز بنگلور نے 2013 میں وارئیرز انڈیا کے خلاف 263 رنز بنا کر کیا تھا۔