اسلام آباد ہائیکورٹ نے ضلعی انتظامیہ کو پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں جلسے کی اجازت دینے کی ہدایت کردی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں جلسے کی اجازت دینے کےلیے پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت ہوئی، چیف جسٹس عامرفاروق نے انتظامیہ کو ہدایت کی آپ نے جوشرائط عائد کرنی ہیں وہ کردیں لیکن کسی کا اجتماع کا حق تو نہیں چھینا جا سکتا۔ جلسے سب نے کیے ہیں آپ قواعد و ضوابط اور شرائط طے کرلیں۔
وکیل پی ٹی آئی شیر افضل مروت نے عدالت کو بتایا کہ ہم اب 6 اپریل کواسلام آباد میں جلسہ کرنا چاہتے ہیں، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے وکیل کو ہدایت کی آپ صرف یہ خیال رکھیں کوئی ہنگامہ آرائی نہ ہو، شیرافضل مروت نے کہا کہ ہم ہر قسم کی شرائط کی پابندی کے لیے تیار ہیں۔
اسٹینڈنگ کونسل نے عدالت کو بتایا کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث جلسے کی اجازت نہیں دی گئی تھی، پہلےبھی ان کو جو اجازت دی گئی اس کی خلاف ورزی ہوئی تھی ، چیف جسٹس نے ریماکس دیے کہ جو شرائط نارمل ہوتی ہیں وہ لگائیں اس میں کوئی حرج نہیں۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامرفاروق نے ریمارکس دیے کہ کوئی غیرمعمولی شرائط عائد نہ ہو جو اسٹینڈرڈ ٹی او آر ہوتے ہیں اسکے مطابق اجازت دیں، میرے سے پہلے والے چیف جسٹس بھی اجازت دیتے رہے ہیں میں نے بھی آرڈر کیا ہے۔