وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے وفاقی حکومت کی جانب سے پرنسپل ایچی سن کالج مائیکل اے تھامسن سے رابطہ کر لیا۔
یاد رہے کہ گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کی جانب سے ایچی سن کالج کو وفاقی وزیر احد چیمہ کے بیٹوں کی فیس معاف کرنےکا حکم دیا گیا تھا جس پر پرنسپل کالج مائیکل اے تھامسن نے احتجاجاً اپنے عہدے سے استعفیٰ دیتے ہوئے پاکستان چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔
پرنسپل کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا تھا کہ سکولوں میں سیاست اور سفارشوں کی کوئی جگہ نہیں،چند افرادکو فائدہ پہنچانے کےلیےاختیارات کا ناجائز استعمال کیا جاتا ہے۔
دوسری جانب گورنر پنجاب نے اپنے موقف میں کہا تھا کہ ایچی سن کالج کے پرنسپل مائیکل اے تھامسن نے ایک سال پہلے استعفیٰ دیا لیکن بورڈ نے نئے پرنسپل کی تعیناتی نہ ہونے کی وجہ سے استعفیٰ قبول نہیں کیا ، مائیکل تھامسن نے گزشتہ 2 سال میں 215 چھٹیاں کیں اور بورڈ آف گورنرز نے اضافی چھٹیاں کرنے پر انکوئری شروع کر رکھی تھی، بورڈ نے آئندہ میٹنگ میں اس پر اپنا فیصلہ کرنا تھا۔
تاہم، معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے اور وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے وفاقی حکومت کی جانب سے مائیکل اے تھامسن سے رابطہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق عطاء تارڑ نے پرنسپل سے استعفیٰ واپس لینے اور معاملے کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کے حوالے سے بات چیت کی ہے۔