راولپنڈی پولیس نے کامیاب کارروائی کے دوران تاوان کی غرض سے اغواء کئے جانے والے تین سالہ بچے کو بازیاب کراتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق گرجا روڈ سے تین سالہ بچہ 31 اگست کو اغواء کیا گیا تھا اور ملزمان نے بچے کے والدین سے 20 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔
دھمیال پولیس کی بڑی کارروائی، تاوان کے لئے اغواء 3 سالہ بچہ بازیاب، اغواء کار گرفتار، ملزمان نے بچے کو گرجا روڈ سے اغوا کیا تھا، ملزمان نے بچے کے والدین سے 20 لاکھ تاوان کا مطالبہ کیا تھا، گرفتار اغواء کار کی شناخت فیاض کے نام سے ہوئی، pic.twitter.com/HpyjlxdAQT
— Rawalpindi Police (@RwpPolice) September 26, 2023
دھمیال پولیس نے مغوی بچے کے والد کی درخواست پر 31 اگست کو مقدمہ درج کیا تھا۔
دھمیال پولیس نے مغوی بچے کے والد کی درخواست پر مقدمہ درج کیااور تفتیش کا آغاز کیا، پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے ملزم فیاض کو ٹریس کر کے گرفتار کیا اور مغوی بچے کو بحفاظت بازیاب کروایا، ملوث ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے ریڈز کئے جا رہے ہیں، pic.twitter.com/bk15u1HJ8h
— Rawalpindi Police (@RwpPolice) September 26, 2023
دھمیال پولیس نے اغواء کا کیس 22 روز بعد حل کرتے ہوئے مغوی بچے کو بحفاظت بازیاب کرایا اور واقعہ میں ملوث ایک ملزم کو بھی گرفتار کر لیا جبکہ دو ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جن کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
گرفتار اغواء کار کی شناخت فیاض کے نام سے ہوئی ہے جس سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
مغوی بچے کی بحفاظت بازیابی اور اغواء کار کی گرفتاری پر سی پی او سید خالد ہمدانی نے ایس پی صدر، اے ایس پی صدر اور دھمیال پولیس کو شاباش دی اور کہا کہ تاوان کے لئے اغواء کئے جانے والے بچے کی بحفاظت بازیابی اور ملزم کی گرفتاری ایک بڑی کامیابی ہے، سنگین واردات میں ملوث دیگر ملزمان کو بھی گرفتار کیا جائے گا۔
مغوی بچے کی بحفاظت بازیابی اور اغواء کار کی گرفتاری پر سی پی او سید خالد ہمدانی کی ایس پی صدر، اے ایس پی صدر اور دھمیال پولیس کو شاباش،
— Rawalpindi Police (@RwpPolice) September 26, 2023
تاوان کے لئے اغواء بچے کی بحفاظت بازیابی اور ملزم کی گرفتاری ایک بڑی کامیابی ہے، سنگین واردات میں ملوث دیگر ملزمان کو بھی گرفتار کیا جائے گا،
سماء ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے سٹیشن ہاؤس آفیسر ( ایس ایچ او ) دھمیال حسنین شاہ نے کیس کی تفصیلات بارے بتایا کہ ملزمان نے 31 اگست کو بچے کو اس کی والدہ سے چھینا تھا اور اسی دوران ملزمان نے ان کے پاس موجود موبائل بھی چھین لیا تھا۔
ایس ایچ او حسنین شاہ کے مطابق ملزمان نے چھینے گئے موبائل فون سے بچے کی فیملی سے رابطہ کیا اور ان سے 20 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا جس کے بعد پولیس کی جانب سے ملزمان کی لوکیشن کو ٹریس کرنے کی کوشش گئی تاہم کامیابی نہیں مل سکی ۔
حسنین شاہ نے بتایا کہ اس کیس کی تفتیش کے لئے پولیس کی جانب سے اسلام آباد کے بعض علاقوں میں بھی کارروائیاں کی گئیں مگر اہم پیش رفت تب سامنے آئی جب ملزمان نے بچے کے گھر والوں سے دوبارہ رابطہ کر کے انہیں ہری پور بلایا۔
انہوں نے بتایا کہ ملزمان نے دوسری بار رابطہ کرنے پر بچے کی والدہ کو ہری پور انٹرچینج پر بلایا اور کہا کہ وہ پیسے ساتھ لے کر آئیں اور بچے کو لے جائیں، ملزمان کے رابطے کے بعد پولیس ٹیم بچے کی والدہ کے ہمراہ ہری پور انٹرچینج پر گئی لیکن ملزمان وہاں نہیں آئے۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے ہری پور شہر میں ایک اور کارروائی کی جو کہ کامیاب ثابت ہوئی اور فیاض نامی ملزم کو گرفتار کرتے ہوئے بچے کو بحفاظت بازیاب کرایا۔
ایس ایچ او کا مزید کہنا تھا کہ گرفتار ملزم فیاض کے دو ساتھی فرار ہوگئے ہیں جن کی گرفتاری کے لئے کارروائی جاری ہے اور انہیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔