بانی پی ٹی آئی عمران خان نے انتخابی دھاندلی کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق جنرل الیکشن 2024 میں مبینہ انتخابی دھاندلی کیخلاف بانی پی ٹی آئی عمران خان نے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا۔ درخواست میں جوڈیشل کمیشن بنا کر تحقیقات کی استدعا کر دی۔
سینئر وکیل حامد خان کے ذریعے سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن جیتنے والوں کو نتائج تبدیل کرکے ہرانے کی تحقیقات کی جائیں، وفاق اور پنجاب میں حکومتوں کی تشکیل کو معطل کیا جائے، تحقیقات کے لیے تعصب نہ رکھنے والے سپریم کورٹ ججز کا کمیشن بنایا جائے۔
خیال رہے کہ 8 فروری 2024 کو ہونے والے عام انتخابات میں کوئی بھی سیاسی جماعت اکیلے حکومت بنانے کے لیے سادہ اکثریت حاصل نہ کر سکی، مسلم لیگ ن 75 نشستوں کے ساتھ پہلے نمبر پر رہی جبکہ پیپلز پارٹی کو 54 سیٹیں حاصل ہوئیں اور 101 آزاد امیدوار بھی کامیاب قرار پائے۔