سندھ حکومت نے عیدمیلاد النبیﷺ پر موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی لگادی، نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔
سندھ حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور کسی بھی ناخوشوار واقعے سے نمٹنے کیلئے ڈبل سواری پر پابندی لگادی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈبل سواری پر پابندی کا اطلاق 11 ربیع الاول (28 ستمبر جمعرات) اور 12 ربیع الاول (29 ستمبر بروزہ جمعہ) کو کراچی سمیت سندھ بھر میں ہوگا۔
محکمہ داخلہ نے نوٹیفکیشن میں مزید کہا ہے کہ پابندی کا اطلاق خواتین، 12 سال سے کم عمر کے بچوں، بزرگ شہریوں، یونیفارم میں قانون نافذ کرنے والے اداروں / سیکیورٹی ایجنسیوں کے اہلکاروں، ضروری خدمات کے ملازمین اور صحافیوں پر نہیں ہوگا۔
واضح رہے کہ پاکستان بھر میں عید میلاد النبیﷺ 29 ستمبر جمعہ کو عقیدت و احترام سے منائی جائے گی۔